چینی سفیر کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، پاک فضائیہ کے دفاعی کردار اور خود انحصاری کی تعریف

0 minutes, 0 seconds Read

چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں ان کی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات ہوئی، جس میں دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے چین کے سفیر کی ملاقات ہوئی۔

دونوں فریقین نے دفاعی تعاون اور خطے میں ابھرتے جیو اسٹریٹیجک صورتحال پر گفتگو کی، ملاقات میں علاقائی سلامتی کے لیے آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنے کی ضرورت اور دونوں اطراف سے چیلنجوں کا جواب دینے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تاریخی اور لازوال تعلقات قائم ہیں، یہ تعلقات علاقائی امن و استحکام کی مشترکہ خواہشات کا مظہر ہیں۔ ایئر چیف نے دونوں ممالک کو ”آئرن برادرز“ کا نام دیا۔

ظہیر احمد بابر سدھو نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کے روابط گزشتہ دہائیوں میں بہت مضبوط ہوئے، یہ تعلقات مستقبل میں باہمی تعاون کے زریعے مزید تقویت پائیں گے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے حمایت اور غیر متزلزل دوستی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کو دفاعی جدت سے ہم کنار کرنے پر ایئر چیف مارشل نے چین کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے تحقیق کے شعبوں میں چین کی مدد پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ابھرتے خطرات کے مقابلے کے لیے مشترکہ جوابی کاروائیوں پر زور دیا جبکہ وسیع پیمانے پر مشترکہ آپریشنل مشقوں اور کثیرالجہتی فریم ورک پر بھی اتفاق کیا گیا۔

چینی سفیر نے پاک فضائیہ کے بے مثال آپریشنل مہارت کی تعریف کی، انہوں نے اس فتح کو پاک فضائیہ کے اعلیٰ معیار سے منسوب کیا۔

چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے پاک فضائیہ کے چینی ساختہ آلات اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر تعریف کی اور مقامی صلاحیتوں کے استعمال پر پاک فضائیہ کی آپریشنل کارکردگی کو سراہا۔

چین کے سفیر نے پاک فضائیہ کی موجودہ قیادت کی تزویراتی ذہانت کا اعتراف کیا اور خود انحصاری کے لیے پاکستان کی طرف سے پیشرفت کی بھی تعریف کی۔

Similar Posts