جو اسرائیل کے لیے خطرہ ہوگا اسے نشانہ بنائیں گے؛ اسرائیلی وزیرِ دفاع کی ایران کو دھمکی

اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران کو نئی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی اسرائیل کے لیے خطرہ ہوگا، اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کاٹز نے کہا کہ ہم کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کو بھی شہید کرنے کا اعتراف کیا۔

اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی اسرائیل کے لیے خطرہ بننے والے ہر ایرانی کمانڈر کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ دوسری جانب ایران میں علی خامنہ ای کی آخری رسومات کا سلسلہ جاری ہے۔

اسرائیل کاٹز نے کہا کہ اسرائیل کسی بھی ایسے ایرانی کمانڈر کو ہلاک کرے گا جو اسرائیل کے خلاف کارروائی یا اسے تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کرے گا۔

ان کے مطابق اسرائیلی فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے اور مختلف حالات کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

اسرائیل کاٹز نے ایران پر کیے گئے وسیع حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں کی جانے والی کارروائی نے اسرائیل کو درپیش وجودی خطرات کو ختم کر دیا اور ایران کی عسکری صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا۔

دوسری جانب ایران میں علی خامنہ ای کی آخری رسومات مسلسل چوتھے روز بھی جاری ہیں۔

سرکاری طور پر جاری تقریبات میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق جمعہ کا دن سرکاری وفود کے لیے مختص تھا، جبکہ ہفتے کے روز سے عام شہریوں کی شرکت کا سلسلہ شروع ہوا۔

Related posts