انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے انٹرنیٹ کے ذریعے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے ملزم حنان عبداللہ کو ڈھائی سال قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ عدالت نے یہ فیصلہ مقدمے کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد سنایا۔
تحریری فیصلے کے مطابق مجرم حنان غیر ملکی انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بم سازی سے متعلق معلومات حاصل کر رہا تھا۔
اس حساس سرگرمی کا انکشاف امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے کیا، جس نے حکومت پاکستان کو فوری طور پر مطلع کیا۔ حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے نے مقدمے کی مکمل چھان بین کی اور عدالت میں آٹھ گواہ پیش کیے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ حنان پر بم بنانے کا طریقہ سیکھنے کا الزام مکمل طور پر ثابت ہو گیا، تاہم پراسیکیوشن باقی الزامات کے ثبوت پیش نہ کر سکی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا دس سال قید ہے، لیکن ملزم کی عمر اور حالات کے پیش نظر عدالت اسے ڈھائی سال قید کی سزا دے رہی ہے۔
فیصلے کے مطابق مجرم حنان اس وقت ضمانت پر تھا، لہٰذا اسے فوری حراست میں لے کر کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا عدالت نے ساتھ ہی 50 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی کا بھی حکم دیا۔