پاکستان اور بھارت کی جنگ کسی بھی لمحے انتہائی خطرناک رخ اختیار کرسکتی تھی، وزیراعظم

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی جنگ کسی بھی لمحے انتہائی خطرناک رخ اختیار کرسکتی تھی، جس کے نتائج بہت بھیانک ہوسکتے تھے، ان چار دنوں میں بھارت کو جو سبق سکھایا گیا میری نظر میں 1971 کی شکست کا بدلہ لے لیا گیا ہے، بھارت کو پتہ چل گیا کہ پاکستانی افواج اپنے دفاع کے لیے ہر وقت تیار رہتی ہیں، مودی سرکار پاکستان پر دوبارہ حملہ آور ہونے کے لیے سو بار سوچے گی۔

معرکہ حق میں آزاد کشمیر کے شہدا کے ورثا میں امدادی رقوم کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چند روز قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ چھڑی، یہ جنگ خطرناک رخ اختیار کرسکتی تھی، جنگ کے نتائج بہت بھیانک ہوسکتے تھے، پہلگام واقعہ افسوسناک تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، پاکستان نے دنیا کو بتایا کہ بھارت کے الزام جھوٹ پر مبنی تھے، پاکستان نے واضح کیا پہلگام واقعہ بھارت کی سازش کا حصہ ہے، پہلگام واقعے پر غیرجانبدارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت ہماری پیشکش کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ آور ہوا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بھارتی جارحیت میں آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر علاقوں میں 33 افراد شہید ہوئے، افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، مسلح افواج نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی بجائے بھارتی جہاز گرائے، مسلح افواج نے معرکہ حق میں بھارت کو چھٹی کا دودھ یاد دلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے بھارت کے خلاف نپی تلی جوابی کارروائی کی گئی، مسلح افواج نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی بجائے 6 بھارتی جہازگرائے، فیصلہ کیا کہ 10 مئی کو صبح بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارت کے خلاف جوابی کارروائی سے پہلے میری سپہ سالار سے بات ہوئی، سپہ سالار کی آواز میں بلا کا اعتماد، جوش اور ولولہ تھا، فیصلہ کیا کہ بھارت کو ایسا تھپڑ رسید کیا جائے جو قیامت تک نہ بھولے، اس کے نتیجے میں پھر آپ نے دیکھا کہ پٹھان کوٹ سے لے کر بھارت کا کوئی بھی ایئرپورٹ ہمارے شاہینوں اور الفتح میزائلوں کی رینج سے باہر نہیں تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پھر صبح 9 بجے مجھے سپہ سالار کا فون آیا کہ بھارت جنگ بندی یعنی گھٹنے ٹیکنے کے لیے تیار ہے، یہ ہے وہ تاریخ وہ پاکستان کی افواج نے اپنے خون سے رقم کی ہے، اب مودی سرکار پاکستان پر حملہ آور ہونے سے پہلے سو مرتبہ سوچے گی کیونکہ اسے پتا چل گیا ہے کہ ہماری افواج پوری طرح تیار ہیں، ان چار دنوں میں بھارت کو جو سبق سکھایا گیا میری نظر میں 1971 کی شکست کا بدلہ لے لیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے روایتی جنگ میں بھارت کی برتری کے تاثر کو غلط ثابت کیا، 24 کروڑ عوام کی دعاؤں کی بدولت معرکہ حق میں عظیم فتح نصیب ہوئی، معرکہ حق میں پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی رہی، مسلح افواج ملکی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اتحاد اور اتفاق سے اب ملکی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانا ہے، پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنارہے ہیں، قوم متحد رہے تو دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا، مسلح افواج نے معرکہ حق میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا۔

انہوں نے کہا کہ مظفرآباد آمد کا مقصد شہدا کے ورثا سے اظہار یکجہتی کرنا ہے، شہدا کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں، شہدا کے لواحقین کے معاشی مسائل کا حل ضروری ہے، شہدا کے ورثا کو فی کس ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے، زخمیوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے، شہدا کے ورثا کو رینک کے حساب سے ایک کروڑ سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے دیے جائیں گے، شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ورثا کے لیے تنخواہ اور الاؤنسز جاری رہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ افواج پاکستان کے زخمیوں کو 20 سے 50 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے، شہدا اور زخمیوں کے لیے امدادی پیکج حکومت کی ذمہ داری ہے، 24 کروڑ عوام کی دعائیں مقبوضہ کشمیر کے مظلوموں کے ساتھ ہیں، حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔

پوری قوم نے متحد ہوکر مکار دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا، امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگ سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے، آزاد کشمیر میں بھارتی جارحیت سے لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچا، بھارتی جارحیت سے گھروں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔

امیر مقام نے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہوکر مکار دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا، افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، پاک فضائیہ نے بھارتی طیارے گرا کر دشمن کا غرور خاک میں ملادیا، بھارتی جارحیت کے خلاف عوام کا جذبہ بے مثال تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے تحریک پاکستان میں قربانیاں دیں، شہدا کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بھارت کشمیریوں کے جذبے کو کبھی شکست نہیں دے سکتا، کنٹرول لائن پر بسنے والے افراد کا جذبہ قابل تحسین ہے۔

خضدار واقعے کے پیچھے بزدل دشمن بھارت کا ہاتھ ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مکار دشمن ہے، بھارت دوبارہ جارحیت کی جرات نہیں کرے گا، پہلگام واقعے کے بعد 3 ہزار سے زیادہ کشمیریوں کو لاپتہ کردیا گیا، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم بڑھا دیے گئے، کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کیا جارہا ہے، خضدار واقعے کے پیچھے بزدل دشمن بھارت کا ہاتھ ہے، کنٹرول لائن پر بسنے والے متاثرین کو زیادہ وسائل کی فراہمی کی ضرورت ہے، آزاد کشمیر کے بجٹ کو بڑھایا جائے، تعلیمی اداروں میں این این سی سی کی تربیت دوبارہ شروع کی جائے۔

Similar Posts