وزیراعلٰی خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک میں آئین کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہر حال میں رہا کیا جائے، تمام مقدمات جھوٹے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر قائد سے ملاقات نہ کروائی گئی تو آئی ایم ایف سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ بجٹ کیلئے 4 سے 6 لوگوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے دیا جائے۔
راولپنڈی میں وزیراعلٰی خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 مہینے کے بعد آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، بجٹ اور سیاسی معاملات پر بانی پی ٹی آئی کو بریفنگ دی، خیبرپختونخوا میں ہم نے آئی ایم ایف کے تقاضے پورے کیے۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے، ڈنڈے کے زور پر پاکستان کو نہیں چلایا جا سکتا، تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری ہوا، فارم 45 ہمارے پاس ہیں، اقتدار ہمارے حوالے کریں، ملک میں آئین کی بالادستی ہونا چاہئے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود ہمیں لیڈرسے نہیں ملنے دیا جاتا، مجھے اپنے لیڈر سے بجٹ پر بات کرنا ہے، ملاقات نہ کروائی تو ہم آئی ایم ایف کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔ مذاکرات کرنے ہیں تو بانی پی ٹی آئی تیار ہیں، چاہتے ہیں آئین و قانون کے تقاضوں کو پورا کیاجائے، بانی پی ٹی آئی نے جو بیان دیا اس کو صحیح سمجھتا ہوں۔
وزیراعلٰی کے پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے تمام لوگوں کی ملاقات ہونی چاہئے، یہ سب مل کربھی پی ٹی آئی کوختم نہیں کر سکے، موجودہ حکومت ناکام ہو چکی، ریاست کو نہیں چلا سکتی۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات کرنے ہیں تو بانی پی ٹی آئی کو رہا کریں۔ ساتھ نہ بیٹھایا تو آئی ایم ایف کی شرائط پوری نہیں کریں گے۔
پولی گراف ٹیسٹ پہلے شریف خاندان اور نواز شریف کا ہونا چاہیے: بیرسٹر ڈاکٹر سیف
بانی پی ٹی آئی کو ہر حال میں رہا کروائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی پر کوئی کیس نہیں، تمام کیسز جھوٹے ہیں۔ ہم سیاسی جماعت ہیں اپنے ورکرز کو شہید کرانا ہمارا مقصد نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے کیسز جان بوجھ کر نہیں لگائے جا رہے۔
وزیراعلٰی خیبرپختون خوا کا کہنا تھا ہماری حکومت نے صوبے کا بجٹ ڈھائی سوارب روپے سرپلس کر دیا ہے۔ جب ہماری حکومت آئی تو تنخواہ کے پیسے بھی نہیں تھے، باتیں اور تنقید کرنا آسان، کام کرنامشکل ہوتا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے مزید گفتگو میں کہا کہ ہم نے اپنے صوبے میں فلاحی کام شروع کیے ہوئے ہیں۔ بجٹ کیلئے 4 سے 6 لوگوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے دیا جائے۔ ریاست نے ہمارے خلاف طاقت کا استعمال کیا ، ہماری صرف ایک ڈیمانڈ ہے بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔
قبل ازیں، علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ ترجمان وزیر اعلیٰ کے پی کے مطابق علی امین گنڈا پور اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات 3 گھنٹوں تک جاری رہی۔ ملاقات میں اہم سیاسی و ملکی امور پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔
ترجمان وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ملکی صورتحال پر یکجہتی اوراتحاد پر اتفاق کیا گیا، وزیراعلیٰ نے قید اسیران سے متعلق قانونی معاونت پر بریفنگ دی، آج اسلام آباد ہائیکورٹ سے 86 کارکنوں کی ضمانت پر رہائی منظور ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے باقی اسیران کی جلد رہائی کیلئے خصوصی ہدایات دیں، خیبر پختون خوا میں تمام حکومتی فیصلوں پر علی امین گنڈا پور خود مختار ہیں۔