اسلام آباد سے دو کروڑ روپے تاوان کی خاطر اغوا کئے جانے والے غیر ملکی سمیت دو مغوی بحفاظت بازیاب کرا لیے گئے۔ اغوا برائے تاوان کے سنگین جرم میں ملوث گینگ کے آٹھ ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ کرپا، آبپارہ، کراچی کمپنی اور آئی نائن ایریا میں مقدمات درج ہیں۔
اسلام آباد کیپٹل پولیس کے مطابق ملزمان میں حمید اللہ ، مجاہد لطیف ، اسرار احمد، حسنات اسد، محمد اویس، چنا الدین، محمد بلال اور جمیل حیدر شامل ہیں۔ اغواء کاروں کو تھانہ کرپا کے علاقے میں ایک کامیاب ریڈ کے دوران گرفتار کیا گیا۔
ملزمان نے پولیس کی ریڈنگ ٹیم پر فائرنگ بھی کی لیکن حفاظتی اقدامات کی بدولت پولیس ٹیم محفوظ رہی۔ ملزمان نے تھانہ کراچی کمپنی کی حدود سے اپنے آپکو سرکاری ملازم ظاہر کر کے ایک غیر ملکی شہری سمیت دو افراد کو اغوا کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ کرپا، آبپارہ، کراچی کمپنی اور آئی نائن ایریا میں مقدمات درج ہیں۔
ترجمان کیپٹل پولیس نے بتایا کہ گرفتار گینگ سے 16 موبائل فون،17 لیپ ٹاپ،38 لاکھ 50 ہزار روپے نقدی برآمد ہوئے، گینگ سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ 4 ایس ایم جی گنز اور ایک پستول بھی برآمد کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں کو پولیس ملازم بن کر اسلحہ کی نوک پر لوٹتے اور اغوا کرتے تھے۔ ملزمان کو ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔