مہمند ڈیم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح، پشاور کو روزانہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم ہوگا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان کے آبی ذخائر کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ 213 میٹر بلند مہمند ڈیم کے دوسرے فیز کا افتتاح وفاقی وزیر آبی وسائل محمد معین وٹو نے کر دیا۔ یہ ڈیم دنیا کا پانچواں بڑا ”کانکریٹ فیسڈ راک فل“ (CFRD) ڈیم ہے، جو نہ صرف توانائی کے بحران میں کمی لانے میں مددگار ہوگا بلکہ زرعی اور شہری ضروریات بھی پوری کرے گا۔

واپڈا حکام کے مطابق، 760 میٹر طویل مہمند ڈیم کی تعمیر پر مجموعی طور پر 309 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 1.29 ملین ایکڑ فٹ ہے، جب کہ اس سے سالانہ 2407 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی، جو ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ڈیم کی بدولت نہ صرف 18 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی کو سیراب کیا جا سکے گا بلکہ پشاور شہر کو روزانہ 300 ملین گیلن پینے کا صاف پانی مہیا ہوگا، جو شہریوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔

آج نیوز سے گفتگو میں ایک سینئر انجینئر نے بتایا کہ ڈیم کی تعمیر سے پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کو سیلابی خطرات سے تحفظ حاصل ہوگا۔ ان علاقوں میں ممکنہ سیلابی نقصان سے بچاؤ کی صورت میں سالانہ ڈیڑھ ارب روپے تک کا مالی نقصان روکا جا سکے گا۔

یہ میگا پراجیکٹ نہ صرف پاکستان کی آبی، زرعی اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور مقامی معیشت میں استحکام کا باعث بھی بنے گا۔

Similar Posts