لندن میں آتشزدگی: پاکستانی خاتون 3 بچوں سمیت جاں بحق، ایک شخص گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read

لندن کے علاقے برینٹ میں مکان میں آگ لگنے سے پاکستانی نژاد خاتون اور ان کے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے ایک 41 سالہ شخص کو قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا ہے۔

یہ واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات پر اسٹون برج کے علاقے ٹلٹ کلوز میں پیش آیا۔ فائر بریگیڈ کے مطابق، جب ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تو 43 سالہ خاتون، 15 سالہ بیٹی، 8 سالہ اور 4 سالہ بیٹے مردہ حالت میں پائے گئے۔

آگ اتنی شدید تھی کہ تین منزلہ دو مکانات مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ جاں بحق خاتون، تینوں بچوں کی ماں تھیں۔

فائر بریگیڈ نے ایک اور 70 سالہ بزرگ خاتون اور ایک نو عمر لڑکی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا، جن کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

لندن فائر بریگیڈ کی رپورٹ کے مطابق، فائر فائٹرز نے ایک خاتون اور ایک بچے کو مکان کی دوسری منزل سے بچا کر باہر نکالا، تاہم وہ بھی جانبر نہ ہو سکے اور ان کی موت کی تصدیق موقع پر ہی کر دی گئی۔

پولیس اور فائر بریگیڈ واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ سپریٹنڈنٹ اسٹیو ایلن نے کہا کہ یہ ایک انتہائی المناک سانحہ ہے، اور ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔

برینٹ ایسٹ سے رکن پارلیمنٹ ڈان بٹلر اور میئر آف لندن صادق خان نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری کمیونٹی اس صدمے سے دوچار ہے۔

پڑوسیوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان 20 سال قبل پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوا تھا اور سب لوگ ان سے واقف تھے۔

Similar Posts