’ہو سکتا ہے عدم اعتماد کے وقت پی ٹی آئی کے 20، 25 لوگ پارٹی کو چھوڑ جائیں‘

0 minutes, 0 seconds Read

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پی ٹی آئی کو خبردار کیا ہے کہ عدم اعتماد کے وقت ان کے 20 سے 25 ارکان ساتھ چھوڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے مجوزہ ”غنڈہ ایکٹ“ کی کھل کر مخالفت کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ ایسے کسی قانون کی حمایت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’ایسے قانون کی حمایت نہیں کر سکتا، مجھے جہاں جانا پڑا جاؤں گا، ضرورت پڑی تو وزیر اعلیٰ مریم نواز کے پاس بھی جاؤں گا۔‘

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں مفت مشورہ دیا کہ ’عدم اعتماد کی باتیں کرنا چھوڑ دیں۔‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں ایسے سیاستدان موجود ہیں جو پارٹی کے طرزِ سیاست سے متفق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہو سکتا ہے عدم اعتماد کے وقت پی ٹی آئی کے 20، 25 لوگ پارٹی کو چھوڑ جائیں۔‘

اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف عدم اعتماد، سلمان اکرم راجہ نے بڑا دعویٰ کردیا

ملک میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ ’ملک سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہوگا، اور سیاست کی آڑ میں جرم کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘ انہوں نے کہا کہ ’جرم کرکے اسے سیاست کا لبادہ پہنانے سے بڑا جرم کوئی نہیں۔‘

بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ملک احمد خان نے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’بلوچستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را دہشت گردی میں ملوث ہے، اور پاک فوج اس دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرے گی۔‘

پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی ممکنہ رہائی اور ڈیل کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اگر یہ خبریں سچ ہیں تو پھر دو تین سال سے تقاریر کا تماشا کیوں لگایا ہوا ہے؟‘

عمران خان اور بشریٰ بی بی کیلئے عید سے پہلے بڑی اُمید

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی اسپیکر ملک محمد احمد خان کی جانب سے ہنسی مذاق کا دلچسپ انداز سامنے آیا۔ انہوں نے ایم پی اے وقاص مان کی گفتگو کو سراہتے ہوئے کہا، ’آپ اتنا میٹھا بولتے ہیں کہ دل کرتا ہے بولتے جائیں، آپ مجھے نہ بھی دیکھیں بلکہ بات کرتے رہیں۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’پہلے حنا پرویز کو کہہ کر پھنس گیا تھا کہ میری طرف دیکھیں، اب وقاص مان صاحب آپ کو کہنا نہیں چاہتا کہ مجھے دیکھیں۔‘

اسپیکر کے ان جملوں پر ایوان زعفران زار بن گیا اور حکومتی و اپوزیشن اراکین قہقہے لگاتے رہے۔

Similar Posts