پاک افواج کے سابق افسران، جنگی ہیروز اور ویٹرنز نے راولپنڈی میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، عسکری حکمت عملی اور پاکستان کی شاندار فتح کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ویٹرنز کا کہنا تھا کہ حالیہ جنگی صورتحال میں قوم نے اپنی عسکری قیادت کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وار ویٹرنز نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گزشتہ تین دہائیوں سے جاری خطرات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ملک کو تنہائی سے نکالا۔ ان کی ملٹری ڈپلومیسی اور اعلیٰ حکمت عملی نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مرتبہ پھر قابلِ اعتماد ملک کے طور پر پیش کیا۔
سائبر اسپیس، نیٹ ورک سینٹرک اور اسپیکٹرم وار فیئر میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی۔ ویٹرنز نے کہا کہ یہ جنگ صرف فوج نے نہیں بلکہ پوری قوم نے مل کر جیتی ہے۔ چین، ترکیہ، سعودی عرب اور آذربائیجان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔
پریس کانفرنس میں وائس ایڈمرل (ر) احمد تسنیم نے کہا کہ ہمارے دل، خون اور خوابوں میں پاکستان بستا ہے۔ انہوں نےکہا کہ بھارت نے 1971 کی طرز پر کراچی پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن پاک بحریہ کی بروقت تعیناتی نے دشمن کی سازش ناکام بنا دی۔
وائس ایڈمرل (ر) احمد تسنیم کا کہنا تھا کہ جو جذبہ 1965 میں دیکھا، وہی اس معرکہ حق میں نظر آیا۔آج کی جنگ ہم نے دماغ سے لڑی ہے۔ دشمن کے ریڈار اور ہتھیار کو جیم کرنا ہمارا ہدف ہونا چاہیے۔
پریس کانفرنس میں ایئر وائس مارشل (ر) فہیم نے ایئر فورس کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمارے میڈیا نے بھارتی بیانیہ کو ناکام بنایا۔ ایئر فورس نے عالمی سطح پر حیرت انگیز کارکردگی دکھائی۔
ایئر وائس مارشل (ر) فہیم نے کہا کہ یہ ایک الیکٹرانک وار فیئر تھی یہ نہ نظر آنے والی جنگ تھی جو پاکستان نے جیتی۔ بھارت اب کم سے کم دس سال دوبارہ جنگ کی ہمت نہیں کرے گا۔