پاکستان اور آذربائیجان کا اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور اور بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا جبکہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان پہنچے جہاں انہوں نے صدر الہام عیلییوف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر علییوف اور آذربائیجان کے عوام کو پرتپاک مبارکباد پیش کی۔

شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کی پاکستان بھارت کشیدگی کے دوران بھرپور حمایت پر آذربائیجان کی عوام کا شکریہ ادا کیا، بھارت کے خلاف معرکہء حق میں پاکستان کی کامیابیوں پر آذر بائیجان میں جشن منایا گیا تھا۔

دوران ملاقات وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی طور پر فائدہ مند شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا جبکہ آذربائیجان کی جانب سے پاکستان میں کی سرمایہ کاری کی پیشرفت کے حوالے سے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بہت جلد کی جائے گی۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام، باہمی خوشحالی اور کلیدی بین الاقوامی امور پر اصولی مؤقف کو فروغ دینے کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان آذربائیجان شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ اور علاقائی سطح پر مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے شہر لاچین پہنچے، ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف، پاکستانی سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے ہمراہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں سپریم لیڈر خامہ ای اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقاتیں کی تھیں، پاک-بھارت جنگ میں حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا تھا، اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے کیا تھا۔

قبل ازیں وزیراعظم نے ترکیہ میں بھی صدر رجب طیب اردوان اور ترک قیادت سے ملاقاتیں کیں، چار ملکی دورے کے اگلے مرحلے میں وزیراعظم شہباز شریف تاجکستان بھی جائیں گے، جہاں وہ گلیشیئرز کانفرنس میں شرکت کرنے کے علاوہ تاجکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

Similar Posts