لاش سڑتی رہی کوئی پوچھنے نہ آیا، اب سب اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کیلئے لڑنے لگے

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں معروف اداکارہ حمیرا اصغر علی کی لاش ملنے کے بعد پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اہل خانہ نے بالآخر میت وصول کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق مرحومہ کے بہنوئی نے دوبارہ حکام سے رابطہ کیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حمیرا کے بھائی کو ساتھ لے کر کراچی پہنچ رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اہل خانہ کو کہا گیا تھا کہ میت وصولی کے لیے اصل رشتہ داروں کو ساتھ لائیں، جس کے بعد پیش رفت ہوئی۔ اہل خانہ کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ وہ چند گھنٹوں میں کراچی پہنچ کر لاش وصول کریں گے۔

واضح رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ایک روز قبل کراچی میں پراسرار حالات میں ملی تھی، جس پر سندھ حکومت نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے محکمہ ثقافت کو ان کا وارث قرار دیا تھا، اگر لواحقین میت وصول نہ کرتے تو حکومت سندھ تدفین کا انتظام کرتی۔ تاہم اب اہل خانہ کی آمادگی کے بعد معاملہ حل ہونے کی امید ہے۔

اداکارہ سونیا حسین کا بھی حمیرا اصغر کی آخری رسومات ادا کرنے کا اعلان

اداکارہ سونیا حسین کا کہنا ہے کہ حمیرا کے ورثاء کے ہوتے ہوئے بھی تدفین نہ ہونا قابل افسوس ہے، خدا کسی کو وارث ہوتے ہوئے لاوارث نہ کرے۔

سونیا حسین نے کہا کہ اگر ایک دن تک ورثاء تدفین کے لیئے نہیں آئے تو میں خود حمیرا کی تدفین کروں گی۔

انہوں نے اپیل کی کہ بحیثیت مسلمان حمیرا کی آخری رسومات ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔

سندھ حکومت بھی تدفین کرانے پر راضی

ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے اور ورثاء کے لاش وصول کرنے سے انکار کرنے کے دل دہلا دینے والے واقعے کے بعد صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے اداکارہ کی تدفین سرکاری سطح پر کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر مرحومہ کے ورثا لاش وصول نہ کریں تو سندھ حکومت، بالخصوص محکمہ ثقافت، حمیرا اصغر کا قانونی وارث ہوگا اور ان کی تدفین سمیت تمام مراحل کی ذمہ داری اٹھائے گا۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رابطہ کیا اور مرحومہ کی لاش حوالگی کے لیے تعاون مانگا۔ اس ضمن میں سیکریٹری ثقافت سندھ کی جانب سے ڈی آئی جی ساؤتھ کو باضابطہ خط بھی ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش محکمہ ثقافت کے حوالے کی جا سکے۔

حمیرا اصغر کی موت: فالوورز کی بھیڑ، مگر کوئی دروازہ کھٹکھٹانے والا نہیں

سید ذوالفقار شاہ نے اس افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اداکارہ حمیرا اصغر لاوارث نہیں، سندھ حکومت ان کی وارث ہے۔ یہ ایک دل دہلا دینے والا واقعہ ہے جسے ہم خاموشی سے گزرنے نہیں دیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ تدفین کے تمام مراحل، بشمول قبرستان کا انتظام، محکمہ ثقافت اپنی نگرانی میں مکمل کرے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کلچر کو اس معاملے کا فوکل پرسن بھی مقرر کر دیا ہے تاکہ تمام انتظامی امور مربوط انداز میں انجام دیے جا سکیں۔

حمیرا اصغر کی لاش 6 مہینے پرانی یا 9 مہینے؟ فریج میں رکھے کھانے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی ترجیح یہی ہے کہ اداکارہ کے والدین یا دیگر قریبی رشتہ دار لاش وصول کریں، لیکن اگر وہ انکار کریں تو حکومت سندھ ان کی عزت و تکریم کے مطابق تدفین کے تمام تقاضے پورے کرے گی۔

ذوالفقار شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ ثقافت، پولیس کے مکمل تعاون سے، اس معاملے میں اپنا بھرپور اور مؤثر کردار ادا کرے گا تاکہ مرحومہ کو آخری رسومات کے وقت تنہا نہ چھوڑا جائے۔

Similar Posts