اسلام آباد فیض آباد کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکارشہید ہو گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوا، دونوں اہلکاروں کا تعلق سی آئی اے سے ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیض آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کا ایک اہلکار شہید اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ دونوں اہلکاروں کا تعلق سی آئی اے (کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی) سے بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے پولیس افسر کی شناخت اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی کانسٹیبل جعفر جہانگیر کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم ڈکیتوں کی گرفتاری کے لیے جا رہی تھی کہ ملزمان نے اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ضلع بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔