سیکیورٹی فورسز کی صوبہ خیبرپختونخوا میں 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ پاک فوج کے لیفٹیننٹ سمیت 4 اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 28 اور 29 مئی کی درمیانی شب ہندوستانی حمایت یافتہ خوارج نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، اس کوشش کو اپنے سیکیورٹی اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں مردان کے 24 سالہ لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل بہادری سے اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 3 ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے جبکہ دیگر 3 شہید اہلکاروں میں چکوال کے 42 سالہ نائب صوبیدار کاشف رضا، ہری پور کے 35 سالہ لانس نائیک فیاقت علی اور ایبٹ آباد کے 26 سالہ سپاہی محمد حمید شامل ہیں۔
دریں اثنا سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع چترال میں کی گئی ایک اور کارروائی میں ایک اور ہندوستانی اسپانسرڈ یافتہ خوارجی مارا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ خوارجی کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے خيبرپختونخوا میں کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے 7 خوارج جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور جامِ شہادت نوش کرنے والے 4 بہادرجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آصف زرداری نے لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل اور جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کو سراہا اور وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کے بہادرسپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیرداخلہ کا پاک فوج کے جوانوں کی جرآت کو خراج تحسین
وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں شہید لیفٹیننٹ دانیال سمیت 4 جوانوں کی جرآت کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شہدا نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، لیفٹیننٹ دانیال سمیت چاروں شہدا کی عظیم قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، لیفٹیننٹ دانیال اور دیگر شہداء کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔