شہر قائد ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم شدید گرم اور خشک رہے گا اور درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ گرمی کی شدت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت مغربی سمت سے ہوائیں 15 سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد سے کم ہے جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی، بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی
ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر 11 بجے سے 3 بجے تک غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے ٹھنڈے مشروبات، ہلکے کپڑے اور دھوپ سے بچاؤ کے انتظامات کا خیال رکھیں۔
شدید گرمی کے موسم میں ضعیف افراد، بچے اور مریض خصوصی احتیاط کریں، تاکہ ہیٹ اسٹروک جیسے خطرناک اثرات سے بچا جا سکے۔ حکام نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں کو الرٹ کر دیا ہے۔