پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیریز جیت لی

0 minutes, 0 seconds Read

دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست سے دے کر 3 میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کیے تاہم 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش ٹیم 19 اوورز میں 144 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی بیٹنگ

قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اسے ابتدا میں اس وقت پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب صائم ایوب صرف 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

صائم ایوب کے آؤٹ ہونے کے بعد ان فارم بیٹر ز صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا۔

صاحبزادہ فرحان نے چھ بلند وبالا چھکوں اور چار چوکوں سے مزین 74 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، وہ رشاد حسین کی گیند پر وکٹ کیپ لٹن داس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ان کے بعد جلد ہی محمد حارث بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 25 گیندیں کھیل کر 41 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

کپتان سلمان آغا آؤٹ ہونے والے اگلے بیٹر تھے جنہیں حسن محمود نے 19 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

آل راؤنڈر شاداب پچھلے میچ کے برعکس اس میچ میں اپنا جادو نہ جگا سکے اور محض سات رنز بناکر حسن محمود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تاہم دوسرے اینڈ سے حسن نواز کی برق رفتار اننگز جاری رہی اور انہوں نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے محض 25 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 51 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود اور تنظیم حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ رشاد حسین کے حصے میں آئی۔

بنگلہ دیش کی بیٹنگ

202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹر اننگز کے آغاز ہی سے دباؤ میں نظر آئے اور اوپنر تنزید حسین اور ٹیل اینڈر تنظیم حسن کے سوا کوئی بھی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا، بنگلا دیش کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکے۔

اوپنر تنزید حسین نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 33 رنز بنائے، وقفے وقفے سے بنگلادیشی بیٹرز کی وکٹیں گرتی رہیں۔

آخری لمحات میں آل راؤنڈر تنظیم حسن نے مزاحمت کی، انہوں نے 31 گیندوں پر ایک چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے نصف سینچری اسکور کی مگر ان کے آؤٹ ہوتے ہی بنگلادیشن کی اننگز 144 رنز پر سمٹ گئی، تنظم حسن نے 50 رنز بنائے جبکہ اور مہدی حسن میراز 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ حسن علی، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاداب خان، خوشدل شاہ اور صائم ایوب کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس طرح پاکستان نے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو 57 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا آخری میچ اتوار کو قذافی لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدِ مقابل ہیں، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی اسکواڈ

پاکستان ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب ، محمد حارث ، حسن نواز، شاداب خان ، خوشدل شاہ ، فہیم اشرف ، حسن علی ، حارث رؤف اور ابراراحمد شامل ہیں۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

بنگلہ دیش ٹیم میں لٹن داس ( کپتان )، تنزید حسن، توحید ہریدوئے، پرویز حسین، ذاکر علی ( وکٹ کیپر)، شمیم حسین، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، حسن محمود، شریف الاسلام شامل ہیں۔

سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 37 رنز سے ہرا دیا تھا، واضح رہے پاکستان کو سیریز میں0-1 سے برتری حاصل ہے۔

Similar Posts