اسلام آباد پولیس نے مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے پلان تشکیل دیدیا

0 minutes, 0 seconds Read

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مویشی منڈیوں کے لئے ٹریفک پلان تشکیل دے دیا۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے عیدالاضحیٰ کے پیش نظر مویشی منڈیوں کے لیے جامع ٹریفک پلان تشکیل دے دیا ہے۔ ٹریفک کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے 100 ٹریفک افسران کو مختلف مویشی منڈیوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) ذیشان حیدر نے ضیاء مسجد کے قریب قائم مویشی منڈی کا دورہ کیا اور موقع پر ٹریفک اور پارکنگ انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ٹریفک ڈیوٹی پر مامور افسران کو خصوصی بریفنگ بھی دی اور ہدایت کی کہ منڈیوں سے ملحقہ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کے نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

راولپنڈی میں کہاں کہاں مویشی منڈی لگیں گی ؟

سی ٹی او کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں میں شہریوں کی سہولت کے لیے مخصوص مقامات پر پارکنگ کا بندوبست کیا گیا ہے، لہٰذا شہری اپنی گاڑیاں مرکزی شاہراہوں پر کھڑی کرنے کے بجائے انہی مختص پارکنگ مقامات پر کھڑی کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مویشی منڈیوں کے داخلی و خارجی راستوں پر بیریئرز لگائے گئے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

کراچی میں قربانی کے جانوروں کے لیے نیا شہرآباد

سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔ کسی بھی ٹریفک مسئلے کی صورت میں شہری فوری طور پر ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن ذیشان حیدر نے واضح کیا کہ مویشی منڈی کی ڈیوٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

Similar Posts