وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چند گھنٹوں کی مختصر جنگ میں بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا، ہمارے شاہینوں نے بھارت کے 6 جہاز گرا کر مودی کا غرور خاک میں ملا دیا۔
نارووال میں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں دلیرانہ فیصلے کیے گئے اور ہمارے شاہینوں نے وہ جہاز گرائے جو دنیا میں کوئی نہیں گراسکا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے وہ جہاز گرائے جو دشمن اپنی طاقت کی علامت سمجھتا تھا، اور کوئی گرانے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ 6 بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرا کر ہمارے جوانوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جنگ میں عظیم کامیابی عطا کی اور یہ کامیابی ہمارے جوانوں کی بہادری پیشہ ورانہ مہارت اور قومی یکجہتی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی معلومات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور حقیقت کی دنیا میں بہت فرق ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا کے پراپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں بلکہ اصل حقائق اور قومی مفادات کو مدنظر رکھیں۔