بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مغربی بائی پاس کے قریب گاڑی میں دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے جبکہ لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق اتوار کی شب کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس بروری چوک کراس کے قریب ایک گاڑی گزر رہی تھی کہ اس میں اچانک پراسرار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں بیٹھا ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس نے شہریوں کی مدد سے لاش اور زخمیوں کو گاڑی سے نکال کر بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق فوری طور دھماکے کی نوعیت اور جاں بحق اور زخمیوں کی شناخت نہ ہوسکی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سی ٹی ڈی حکام کو نوعیت معلوم کرنے کے لیے طلب کرلیا۔
دوسری جانب جاں بحق اور زخمیوں کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر موقع سے شواہد اکھٹے کرنے کا عمل شروع کردیا۔