پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان خان پولیس نے کوٹ مبارک کے علاقے میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 4 خوارجی دہشت گرد مارے گئے، جن کے پاس موجود اسلحہ برآمد ہوا تاہم سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے کوٹ مبارک میں خوارجی دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی تھی۔
انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشت گرد مختلف مقامات پر شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر رہے تھے تاہم اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیموں نے فوری پیش قدمی کی اور علاقے کا محاصرہ کرکے آپریشن شروع کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ خوارجی دہشت گرد بھاری اسلحے کے ساتھ پولیس ٹیموں پر حملہ آور ہوئے مگر پنجاب پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس کی بھرپور کارروائی میں 4 خوارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے دیگر دہشت گرد جھاڑیوں اور ٹیلوں کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے، علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری ہے اور پولیس نے دیگر شرپسند عناصر بھی جلد از جلد انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر نگرانی ڈی پی او سید علی کی قیادت میں پنجاب پولیس کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں۔
ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چار خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی اور کہا کہ پنجاب پولیس خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو کبھی ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ غازی خان میں دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر پولیس کو شاباش دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے ایک بار پھر جوانمردی سے خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، حملہ ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو خراج تحسین تحسین کرتے ہیں، پنجاب پولیس کے بہادر اور پروفیشنل سپوتوں پر فخر ہے۔