عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کیلئے پولیس ٹیم چوتھی بار اڈیالہ جیل پہنچ گئی

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے پولی گرافک ٹسٹ کے لیے لاہور پولیس کی ٹیم ایک بار پھر اڈیالہ جیل پہنچ گئی، 12 رکنی ٹیم کی سربراہی ڈی ایس پی آصف جاوید کر رہے ہیں جبکہ سابق وزیراعظم قبل ازیں تحریری طور پر ٹیسٹ کرانے سے انکار کر چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے 9 مئی مقدمات کے معاملے میں پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور پولیس کی 12 رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔

لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم کی سربراہی ڈی ایس پی آصف جاوید کر رہے ہیں، تفتیشی ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم اور انسپکٹر محمد ارحم شامل ہیں جبکہ پنجاب فارنزک یونٹ کے عابد ایوب بھی تفتیشی ٹیم کا حصہ ہیں۔

تفتیشی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے 9 مئی کے کیسز میں پولی گرافک ٹیسٹ، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹسٹس کرنے ہیں۔

عمران خان کا فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ دوبارہ کروانے کا حکم

عمران کیخلاف نو مئی مقدمات: پولی گرافک ٹیسٹ سے پہلے ضمانتوں کی سماعت پر فیصلہ محفوظ

عدالت نے عمران خان کا پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے کی اجازت دے دی

تفتیشی ٹیم کے سربراہ آصف جاوید ڈی ایس پی کا غیررسمی گفتگو میں کہنا ہے کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے تفتیشی ٹیم اپنی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، ٹسٹ نہ ہوئے تو تفتیش کا عمل کیسے اگے بڑھ پائے گا۔

واضح رہے کہ پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے پولیس ٹیم پہلے بھی 3 مرتبہ بانی پی ٹی آئی سے رجوع کر چکی ہے ، جس میں عمران خان تحریری طور پر ٹیسٹ کرانے سے انکار کر چکے ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی کے ٹیسٹ کرانے سے انکار پر ٹیم بغیر کارروائی کے واپس روانہ ہوگئی تھی۔

یاد رہے کہ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے لاہور میں درج 9 مئی کے 11 مقدمات کے حوالے سے عمران خان سے تفتیش کرنی ہے۔

Similar Posts