عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے بعد پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 5900 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق روس پر یوکرین کے حالیہ بڑے حملے کے بعد گولڈ مارکیٹس میں ہلچل دیکھی جارہی ہے، عالمی مارکیٹ میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی پیر کو سونے کی قیمتوں میں یک دم بڑا اضافہ ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں آج سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھا گیا، پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 5 ہزار 900 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 53 ہزار 100 روپے کی سطح پر آگئی۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 5 ہزار 58 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 2 ہزار 726 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 3 ہزار 356 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2 ہزار 962 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 59 ڈالر بڑھ کر3 ہزار 347 ڈالر فی اونس ہوگئی۔