شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا کم بلنگ پر لوڈ شیڈنگ کرنا اجتماعی سزا دینے کے برابر ہے، سندھ میں اس گرمی میں بھی 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، کسی ایک نے بل ادا نہیں کیا تو سزا سب کیوں بھگتے۔
کراچی میں سائٹ ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل بہت زیادہ ہیں۔ سندھ حکومت کے کراچی کے لئے کئی میگا پروجیکٹ چل رہے ہیں۔ آج بھی ہر صوبے کے لوگ روزگار کمانے کراچی آتے ہیں۔ ہمارے پاس بہترین مواقع ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں صحت عامہ کی سہولیات ملک میں بہترین ہیں۔ سیلاب متاثرین کے لیے ابتک ساڑھے 8 لاکھ گھر بنا چکے ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے 21 لاکھ گھر بنائے جا رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ دو ہفتے کے بعد شاہراہ بھٹو قائد آباد تک مکمل ہو جائے گی، سندھ میں اس گرمی میں بھی 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، کسی ایک نے بل ادا نہیں کیا تو سزا سب کیوں بھگتے۔
انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ پی پی کراچی میں کچھ نہیں کرتی، سیاست اور پرامن احتجاج کرنے کا حق سب کے پاس ہے، پارکس اور گراؤنڈ میں احتجاج کرنا ہے تو کر لیں۔
سینئر صوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ احتجاج کے دوران سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دینگے، لوڈشیدنگ پر سڑک بند کرنے سے کیا بجلی بحال ہوگی۔ کے الیکٹرک کا کم بلنگ پر لوڈ شیڈنگ کرنا اجتماعی سزا دینے کے برابر ہے۔