ڈسٹرکٹ جیل ملیر کراچی کے سی سی ٹی وی کیمرے خراب اور ناکافی ہونے کا انکشاف

0 minutes, 0 seconds Read

ڈسٹرکٹ جیل ملیر کراچی کے سی سی ٹی وی کیمرے خراب اور ناکافی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جیل میں لگے کیمرے بھی ناکارہ ہیں جبکہ تعداد بھی ناکافی ہے دوسری جانب کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کے آبادیوں میں داخل ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو موصول ہوگئی، فوٹیج میں قیدیوں کو جیل کے قریب کی آبادی میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل ملیر کراچی سے قیدیوں کے فرار کے واقعے کے بعد سیکیورٹی کی سنگین غفلت کا انکشاف ہوا ہے، جیل میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے ناکارہ اور تعداد میں بھی ناکافی ہیں، جس کے باعث قیدیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا ممکن نہ رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل حکام نے محکمہ داخلہ کو گزشتہ سال دسمبر میں سی سی ٹی وی کیمروں سے متعلق خط لکھ کر آگاہ کردیا تھا تاہم تاحال فنڈز کی فراہمی یا کیمروں کی مرمت کے حوالے سے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

محکمہ جیل خانہ جات کو نہ صرف سیکیورٹی آلات کی کمی کا سامنا ہے بلکہ نفری کی قلت بھی ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے جبکہ منظور شدہ آسامیوں کی تعداد 6,500 ہے جبکہ تعینات عملہ 5,000 سے بھی کم ہے، نفری کی اس کمی نے جیل کی مجموعی سیکیورٹی کو مزید کمزور کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قیدیوں نے فرار کے وقت جیل کی کینٹین بھی لوٹ لی، تقریباً 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان لوٹ لیا گیا، اس کے علاوہ جیل میں قائم ڈسپنسری میں رکھی ادویات اور طبی سامان بھی فرار ہونے والے قیدی اپنے ساتھ لے گئے۔

جیل میں سیکیورٹی انتظامات کی اس سنگین غفلت نے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے بلکہ عوامی حلقوں میں بھی شدید تشویش پیدا کر دی ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی متوقع ہے۔

ملیر جیل سے فرار قیدیوں کے آبادیوں میں داخل ہونے کی فوٹیج آج نیوز کو موصول

کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کے آبادیوں میں داخل ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو موصول ہوگئی، فوٹیج میں قیدیوں کو جیل کے قریب کی آبادی میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

کراچی کے علاقے ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے سیکیورٹی اداروں اور جیل انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

فرار ہونے والے قیدیوں کی آبادیوں میں داخل ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو موصول ہو گئی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قیدی جیل کے قریبی علاقوں میں واقع گلیوں میں ٹولیوں کی صورت میں داخل ہو رہے ہیں۔ فوٹیج میں واضح طور پر قیدیوں کو جیل کے اطراف کی آبادی میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ماں کی ممتا قانون پر قربان، ملیر جیل سے فرار قیدی کو بیوہ ماں نے خود جیل پہنچا دیا

ملیر جیل واقعہ: آئی جی جیل خانہ جات عہدے سے فارغ، ڈی آئی جی اور سپرنٹنڈنٹ معطل

انتظامیہ کے مطابق اب تک 126 قیدیوں کے فرار کی تصدیق ہو چکی ہے، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہے ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر ناکے لگا دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جیل سے فرار کا یہ واقعہ ممکنہ طور پر اندرونی ملی بھگت یا سیکیورٹی میں غیر معمولی غفلت کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ جیل عملے کے متعدد اہلکاروں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مشتبہ افراد کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں اور افواہوں سے گریز کریں۔

Similar Posts