کراچی ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعے میں مبینہ غفلت اور لاپرواہی پر ڈی ایس پی جیل سمیت 23 افراد کو معطل کردیا، آئی جی جیل خانہ جات نے معطلی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے قیدیوں کے فرار کے واقعے پر بڑی انتظامی کارروائی سامنے آ گئی ہے، مبینہ غفلت اور لاپرواہی پر ڈی ایس پی جیل سمیت 23 افسران و اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات نے معطلی کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، معطل کیے گئے افراد میں ڈی ایس پی، اے ایس پی، تین ہیڈ کانسٹیبلز اور 18 جیل اہلکار شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام معطلیاں جیل سیکیورٹی میں سنگین غفلت اور فرائض سے لاپرواہی کے باعث کی گئی ہیں۔ معطل افسران و اہلکاروں کو ڈی آئی جی جیل خانہ جات کے دفتر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی،
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے قیدیوں کے فرار کی واردات نے محکمہ جیل کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا، جس کے بعد یہ سخت اقدام عمل میں لایا گیا ہے۔
ملیر جیل واقعہ: آئی جی جیل خانہ جات عہدے سے فارغ، ڈی آئی جی اور سپرنٹنڈنٹ معطل
ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کے سنگین واقعے کے بعد حکومت سندھ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ ڈی آئی جی جیل اور سپرنٹنڈنٹ ملیر جیل کو معطل کر دیا گیا دوسری جانب کراچی میں ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔**
یہ فیصلہ وزیر داخلہ کی سربراہی میں ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فرار قیدیوں کی گرفتاری کیلئے حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ قیدیوں کو ہر صورت جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
شرجیل میمن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدی ہارڈ کور مجرم نہیں تھے، تاہم 129 قیدی اب بھی مفرور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس تمام وسائل بروئے کار لا کر ان قیدیوں کی گرفتاری کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر 24 گھنٹے کے اندر قیدیوں نے خود کو قانون کے حوالے نہ کیا تو ان کے خلاف جیل توڑنے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ مفرور قیدیوں کو مزید 7 سال تک کی اضافی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کراچی ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کے واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل
دوسری جانب کراچی میں ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
کمشنر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کمیٹی میں شامل ہیں، تحقیقات کے بعد مزید افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گئی۔