بلاول بھٹو نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف بھارت سے تعاون کو تیار ہیں۔ مودی کے پاس دو ہی راستے ہیں امن یا تباہی ۔ بھارت سے امن چاہتے ہیں مگر شرائط پر نہیں، نیویارک میں نیوز کانفرنس میں بلاول بھٹو نے کہا کوئی مہذب ملک پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کر سکتا۔ پاکستان کا پانی روکنا اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی ہے، پہلگام واقعے میں ہمارے ہاتھ صاف ہیں، اسی وجہ سے وزیراعظم نے شفاف بین الاقوامی انکوائری کا مطالبہ کیا۔ امریکی صدر اور وزیر خارجہ نے سیز فائرمیں اہم کردارادا کیا۔ مشکل وقت میں مدد کرنے پر شکر گزار ہیں۔
پاکستانی اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے نیویارک میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر شکر گزار ہوں، او آئی سی نے ہمیشہ کشمیر کے لوگوں کی آواز اٹھائی، مقبوضہ کشمیر میں حملے کی پاکستان نے مذمت کی، او آئی سی میں شامل ممالک دہشتگردی سے شدید متاثر ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ فلسطین، عراق، پاکستان روزانہ کی بنیاد پر دہشتگردی کا شکار ہیں، ہمیں متحد ہو کر دہشتگردی کی مذمت کرنی چاہئے، بھارت نے پہلگام واقعے کے ثبوت کسی سے شیئر نہیں کیے، بھارت نے خود اپنے شہریوں کو ثبوت فراہم نہیں کیے، پاکستان کے وزیراعظم نے شفاف بین الاقوامی انکوائری کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں یقین تھا کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں، اسی وجہ سے ہم نے شفاف تحقیقات کا حصہ بننے کی تجویز دی، بھارت نے پاکستان پر حملہ کر دیا، بھارت نے کہا کہ نام نہاد دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، بھارت نے آج تک ایک دہشتگرد کا نام نہیں بتایا جو اس کے حملے میں مارا گیا۔
پارلیمانی وفد کے سربراہ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ سیز فائر کے باجود دنیا آج ایک کم محفوظ جگہ بن چکی ہے، پاک بھارت کو مل کر دہشتگردوں کی کھوج لگانی چاہئے، ہمیں اس معاملے پر تعاون کرنا چاہئے نہ کہ لڑائی، مقبوضہ کشمیر سیکیورٹی کونسل کا ایک حل طلب مسئلہ ہے،
بھارت نے اپنے وعدوں کا پاس نہیں کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کا مسئلے پاک بھارت تنازع کی جڑ ہے، 200 ملین افراد کا پانی روکنا یو این چارٹر کی خلاف ورزی ہے، کوئی تہذیب یافتہ ملک پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کر سکتا، بین الاقوامی برادری بھارت کو پاکستان سے بات کرنے کا کہے، بھارت کے اقدامات نے ثابت کیا ہے کہ بھارت خطے میں عدم استحکام کا باعث ہے۔
انھوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کی جارحیت کا نوٹس لے، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے، پاکستان نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے، میری والدہ نے دہشت گردوں کے ہاتھوں جان گنوائی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی کو سیاسی ہتھیار بنا کر ختم نہیں کیا جا سکتا، مذاکرات ہی امن کا واحد راستہ ہیں، خطےمیں کشیدگی کی وجہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونا ہے، بھارت نے حملے میں مساجد کو نشانہ بنایا، امریکی صدر اور وزیر خارجہ نے سیز فائر میں اہم کردار ادا کیا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف کوئی جارحانہ اقدام نہیں کیا، بھارتی حکومت نے پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کو فنڈنگ کی، بھارت کی جانب سے پانی روکنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پانی کو بطورہتھیاراستعمال نہیں کرنےدیں گے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے پاکستان پر حملے میں اسرائیلی ڈرونز استعمال کیے، بھارت اسرائیل کی طرح عالمی قوانین کی خلاف کر رہا ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے، بات چیت کیلئے تیار ہے، بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف بیانات دے رہا ہے، تنازع کشمیر کا حل فوجی نہیں، مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔