مناسک حج کا آغاز کل سے ہوگا، لاکھوں عازمین منیٰ روانہ ہوگئے، دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد قائم ہوگئی تاہم رکن اعظم وقوف عرفہ جمعرات کو ادا کیا جائے گا۔
مناسکِ حج کا آغاز کل 8 ذوالحجہ سے ہو رہا ہے، جس کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے، رواں سال پاکستان سے ایک لاکھ 15 ہزار سے زیادہ عازمین حج فریضہ حج ادا کریں گے۔
اس سال 88 ہزار 301 پاکستانی سرکاری اسکیم جبکہ 27 ہزار 12 عازمین نجی اسکیم کے تحت حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ عازمین حج آج رات احرام باندھ کر عزیزیہ، نسیم اور بطحا قریش سے منیٰ روانہ ہوں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستانی عازمین عزیزیہ ، نسیم اور بطحا قریش سے بسوں میں منی جائیں گے، عازمین رہائش گاہ سے احرام باندھنے کے بعد 2 رکعت نفل ادا کر کے حج کی نیت کریں گے اور منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نماز ادا کریں گے، عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کے رکن اعظم وقوف کے لیے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔
9 ذوالحجہ کو عرفات میں حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں باجماعت ادا کی جائیں گی، سورج غروب ہونے تک حجاج کرام میدانِ عرفات میں وقوف کریں گے، اذان مغرب کے بعد نماز پڑھے بغیر حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشا کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کریں گے جبکہ حجاج مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گذاریں گے۔
10 ذوالحجہ کو حجاجج وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کے لیے منیٰ روانہ ہوں گے، جہاں حجاج بڑے شیطان کو 7 عدد کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے، حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے، 11 ذوالحجہ کو حجاج کرام چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔
رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کے لیے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے، 12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی، 13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے، کچھ حجاج کرام 12 ذوالحجہ اور کچھ 13ذوالحجہ کو رمی کے بعد رہائش گاہ روانہ ہوں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستانی عازمین کو منی روانگی کے لیے 442 بسیں ملی ہیں، پاکستان حج مشن نے نجی کمپنی سے 510 اضافی بسیں حاصل کی ہیں، نجی کمپنی کی بسیں بھی پاکستانی عازمین حج کو مکہ سے منی پہنچائیں گی، منی روانگی کا عمل آج رات عشا سے کل دن ظہر تک جاری رہے گا، مشاعر کے دوران 25 ہزار 861 عازمین بسوں سے روانہ ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق 62 ہزار پاکستانی عازمین ٹرین کے ذریعے مشاعر کا سفر کریں گے، جمرات سے حرم شریف کے لیے سرنگوں کے ذریعے 4 کلومیٹر رستہ پیدل طے ہو گا، پاکستانی عازمین جمرات سے حرم کے لیے سعودی شٹل سروس بھی استعمال کرسکیں گے۔
وقوف عرفہ کے موقع پر دیے جانے والے خطبے کو 35 مختلف زبانوں میں نشر کیا جائے گا
دوسری جانب حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے موقع پر دیے جانے والے خطبے کو 35 مختلف زبانوں میں نشر کیا جائے گا جس سے 5 ملین افراد براہ راست سن سکیں گے۔
سعودی وزارت حج ق عمرہ کی جانب سے اس سال حج کے موقعہ پر میدان عرفات میں مسجد نمرہ سے خطبہ حج کو اردو اور انگلش سمیت دنیا کی 35 مختلف زبانوں میں نشر کیا جائے گا، جس کے لیے تمام تر انتظامات کو مکمل کر لیا گیا ہے، خطبہ حج کو دنیا کے 5 ملین لوگ براہ راست سن سکیں گے۔
دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ ’حرمین شریفین سے اسلام کا میانہ روی و اعتدال پسندی کا پیغام دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے 35 عالمی زبانوں میں خطبہ حج کے ترجمے کا انتظام کیا گیا ہے۔