واٹر اینڈ سیوریج اتھارٹی (واسا) لاہور نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بلاتعطل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ٹیوب ویلز کے اوقات کار جاری کر دیے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق عید کے دنوں میں ٹیوب ویلز تین مختلف دورانیوں میں چلائے جائیں گے تاکہ صارفین کو بھرپور پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
عید کے پہلے روز پہلا دورانیہ صبح 4 بجے سے دوپہر 12 بجے تک، دوسرا دورانیہ دوپہر 2 بجے سے شام 4 بجے تک، جبکہ تیسرا اور آخری دورانیہ شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔ عید کے دوسرے روز پانی کی فراہمی صبح 4 بجے سے 10:30 بجے تک، پھر دوپہر 2 سے 4 بجے تک اور شام 5 سے رات 9 بجے تک کی جائے گی۔
ایم ڈی واسا کے مطابق تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ عیدگاہوں اور مساجد کا مکمل سروے کروائیں اور پانی کے اوور فلو سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ تمام فیلڈ دفاتر مکمل طور پر فعال رہیں گے اور عملہ مکمل طور پر متحرک ہوگا۔ ٹیوب ویلز یا مشینری میں کسی بھی خرابی کی صورت میں فوری مرمت کروانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق تمام آپریشنل اسٹاف عید کے دنوں میں تین شفٹوں میں 24 گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے گا، جبکہ عملے کی تمام عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔