شیخ وقاص اکرم نے سمبڑیال کے حالیہ ضمنی انتخاب کو بدترین دھاندلی قرار دے دیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے سمبڑیال کے حالیہ ضمنی انتخاب کو بدترین دھاندلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سمبڑیال الیکشن میں دھاندلی ہوئی، نتائج مسترد کرتے ہیں، پنجاب میں پرامن احتجاج کریں گے، الیکشن سے قبل اور دوران منظم انداز میں غنڈہ گردی، بدمعاشی اور انتظامی بے ضابطگیوں کا بازار گرم رہا، ہم نے ان کی جعلی جیت کو بھی ہار میں بدل دیا، قوم جاگ چکی ہے اوراب اپنے حق کے لیے کھڑی ہو رہی ہے، مقتدر حلقوں سے مطالبہ کرتے ہیں پاکستان کو آگے بڑھنے دیں اور عوام کو اُن کے نمائندے خود چننے کا حق دیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ الیکشن کا ایک طریقہ کارہوتا ہے، سمبڑیال الیکشن میں دھاندلی ہوئی، پی پی 52 میں حکومت نے دھاندلی کی انتہا کردی، سمبڑیال پولنگ اسٹیشن پر انتہا کہ بدمعاشی اورغنڈا گردی ہوئی، عالیہ حمزہ اور ان کی ٹیم نے وہاں احتجاج کیا، الیکشن کے کسی نظام کو فالو نہیں کیا گیا۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پولیس نے اس الیکشن میں بے حسی کی انتہا کر دی، پولیس نے صرف پی ٹی آئی کے ووٹرز کو کیمپ سے باہر نکالا، پورے پورے بیلٹ باکس پولیس اٹھا کر لے گئی، پولیس کا رویہ پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ اچھا نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں پولیس کو رکاوٹ کی اجازت نہیں ہوتی، پنجاب میں پی ٹی آئی نے دھاندلی کے خلاف پرامن احتجاج کیا، یہ الیکشن نہیں تھا کیونکہ انتخابات شفافیت کا نام ہے، جو فسطائیت اور غنڈہ گردی پنجاب حکومت نے کی، اس کی مثال نہیں ملتی، الیکشن کے کسی نظام پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، ووٹنگ میں دھاندلی ہوئی اور بیلٹ باکسز بھرے گئے،

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم سمبڑیال میں ہونے والے الیکشن کو نہیں مانتے، یہ الیکشن نہیں دھاندلا تھا، اس الیکشن میں الیکٹورل پراسیس کو فالو نہیں کیا گیا، پولیس پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالتی رہی، پولیس نے ہمارے ووٹرز کو ڈرایا اور حراساں کیا، بیلٹ باکسز تبدیل کیے گئے، ہمارے کیمپ اکھاڑ دیے گئے۔

ہم اس الیکشن نتائج کو مسترد کرتے ہیں، ٹرن آؤٹ بہت کم تھا ، ن لیگ کے بندے بلکل نہیں نکلے، ن لیگ کے کیمپس خالی تھے یہ ووٹ کہاں سے آگئے، یہ سب فراڈ تھا، ہم اس کو نہیں مانتے، عالیہ حمزہ نے اس الیکشن میں بہت محنت کی۔

کئی فارم 45 پر پولنگ ایجنٹس کے دستخط موجود نہیں، عالیہ حمزہ

دوسری جانب پی ٹی آئی کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے کہا کہ سب سوال کرتے رہے ہمارے پاس ثبوت کیا ہیں؟ ہمارے پاس سارے ثبوت ہیں، ہم آپ کو الیکشن کی ویڈیو دکھاتے ہیں۔

عالیہ حمزہ نے مزید کہا کہ کئی فارم 45 پر پولنگ ایجنٹس کے دستخط موجود نہیں، جنرل الیکشن کا ٹرن آؤٹ زیادہ ہوتا ہے، پولنگ اسٹیشنز پر گلو بٹوں نے دھاوے بولے، 50 سے زائد پولیس اہلکارپولنگ بوتھ کے اندر بیٹھے تھے۔

Similar Posts