بلال بن ثاقب کی امریکی صدر کی کونسل برائے ڈیجیٹل اثاثہ جات کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور معاونِ خصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو کرنسی، بلال بن ثاقب نے حال ہی میں امریکہ کے وائٹ ہاؤس کا ایک سرکاری دورہ کیا۔ اس دورے میں ان کی ملاقات صدر ٹرمپ کی ڈیجیٹل اثاثہ جات کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر روبرٹ ہو ہائنز سے ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کرپٹو کرنسی، بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے مستقبل پر تفصیل سے گفتگو کی۔

بلال بن ثاقب نے پاکستان میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کے میدان میں ہونے والی پیشرفت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ پاکستان ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک بنانے کے لئے پرعزم ہے تاکہ کرپٹو معیشت کو محفوظ، شفاف اور ترقی یافتہ بنایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام کے بعد ملک میں ڈیجیٹل اثاثوں اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ایک جامع پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے، جس کا مقصد نہ صرف ملکی معیشت کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بھی پاکستان کی جانب راغب کرنا ہے۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ کرپٹو کرنسی کے لیے امریکہ کے اقدامات پاکستان کے لیے مشعل راہ ہیں اور ہم ان تجربات سے سیکھتے ہوئے اپنے قومی فریم ورک کو بہتر بنا رہے ہیں۔

روبرٹ ہو ہائنز نے بھی پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل معیشت اب عالمی ترقی کا لازمی جزو بن چکی ہے اور پاکستان کی دلچسپی بلاک چین ٹیکنالوجی میں ایک مثبت اشارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کرپٹو اور بلاک چین کے شعبے میں تعاون کے امکانات خوش آئند ہیں۔

بلال بن ثاقب نے کہا کہ میں پاکستان کو ڈیجیٹل اثاثوں کے حوالے سے گلوبل ساؤتھ میں ایک لیڈر بنتے دیکھتا ہوں، ہمارے اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو کے آغاز سے لے کر کرپٹو مائننگ اور اے آئی ڈیٹا زونز کیلئے قومی بنیادی ڈھانچے کے قیام تک، پاکستان ایک حقیقی فریم ورک تیار کر رہا ہے تاکہ ڈیجیٹل اثاثوں کو اپنایا جاسکے اور معیشت کو جدید بنایا جا سکے۔

بلال بن ثاقب کا یہ دورہ اس اعتبار سے بھی تاریخی حیثیت رکھتا ہے کہ وہ گزشتہ 6 سالوں میں وائٹ ہاؤس کا سرکاری دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی سرکاری عہدیدار بن گئے ہیں۔

دستیاب ریکارڈ کے مطابق اس تاریخ کے بعد اور جون 2025 سے قبل کسی بھی پاکستانی سرکاری عہدیدار نے وائٹ ہاؤس کا کوئی بالمشافہ دورہ نہیں کیا۔

یہ ملاقات اور بلال بن ثاقب کا دورہ پاکستان میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کے شعبے میں بین الاقوامی روابط کی مضبوطی اور اعلیٰ سطحی شراکت داری کے امکانات کو روشن کرتا ہے۔

Similar Posts