چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفیروں کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد اور تعاون میں اضافہ ہوگا، دونوں ممالک میں تعلقات کے فروغ سے خطے میں امن آئے گا۔
چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی تعلقات میں پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے کے امن و استحکام کے لیے حوصلہ افزا قدم قرار دیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون میں اضافہ خطے کے مستقبل کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری سے خطے میں امن و ترقی کو فروغ ملے گا اور اس سے مختلف چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سفارتی پیشرفت سے رواں برس مئی میں ہونے والے چین، پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ اجلاس کی کوششوں کو تقویت ملے گی، جو تینوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ اور خطے میں استحکام کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔
چینی وزارت خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور فریقین کو باہمی احترام، مساوی مفاد اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کے تحت آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔