کراچی میں عید الاضحٰی پر گیس فراہمی کے اوقاتِ کار جاری کردیے گئے، جمعہ 6 جون کو گیس کی بندش رات 12 بجے ہوگی اور ہفتہ 7 جون کو گیس فراہمی صبح 5 بجے بحال ہوگی اور شام 5 بجے گیس بند نہیں کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے عید الاضحیٰ کے موقع پر گھریلو اور تجارتی صارفین کو گیس کی فراہمی کے اوقات کار جاری کر دیے۔
ایس ایس جی سی کے مطابق جمعہ 6 جون کو گیس کی بندش رات 12 بجے ہوگی جبکہ عید کے پہلے دن ہفتہ 7 جون گیس کی فراہمی صبح 5 بجے بحال ہوگی۔
عید کے پہلے دن صبح 5 بجے کے بعد گیس کی بندش نہیں ہوگی جبکہ عید کے دوسرے دن اتوار 8 جون کو سارا دن گیس کی بندش نہیں ہوگی۔
ایس ایس جی سی کے مطابق عید کے تیسرے دن پیر 9 جون کو رات 12 بجے تک تمام دن گیس کی فراہمی بحال رہے گی جبکہ منگل 10 جون سے پرانے شیڈول کے مطابق گیس کی فراہمی کے اوقات کار بحال ہوجائیں گے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عید کے موقع پر گیس کے استعمال میں احتیاط برتیں تاکہ تمام شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔