وزیراعظم 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، عید الاضحیٰ وہیں منائیں گے

0 minutes, 0 seconds Read

وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے، سعودی حکام نے جدہ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا، وزیرِاعظم کا یہ دورہ 5 اور 6 جون پر مشتمل ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے کے دوران عید الاضحیٰ سعودی عرب میں منائیں گے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے عید ملیں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات طے ہیں، ملاقات میں دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کے فروغ پر اہم گفتگو ہوگی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان خصوصی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور علاقائی امن و سلامتی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف حالیہ پاک بھارت تنازع کو کم کرنے میں تعمیری کردار پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی دورہ سعودی عرب کے دوران ان کے ہمراہ موجود ہے جس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر ، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر اظہار تشکر کے لیے گزشتہ ماہ کے اختتامی ہفتے میں ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔

Similar Posts