پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی سی ٹی ڈی نے بڑی اہم کارروائی کرتے ہوئے بھارتی دہشت گرد ایجنسی را کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، جس کے نتیجے میں لاہور، بہاولپور، بہاول نگر اور پاکپتن بڑی تباہی سے بچ گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد عید کے موقع پر لاہور، بہاول نگر، بہاولپور اور پاکپتن میں اہم مقامات پر دہشت گردی کرنا چاہتے تھے، تاہم سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے جھنگ روڈ پٹھان کالونی سے دہشت گردوں کو بھاری مقدار میں اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد فتنہ الخوارج اور بھارتی دہشت گرد ایجنسی را کے لیے کام کرتے ہیں اور غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کر کے سری نگر اور راجستھان میں را کے دہشت گرد نمائندوں سے متعدد بار ملاقات کر چکے ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد ڈیٹونیٹر اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، گرفتار دہشت گرد اعظم کا تعلق منچن آباد، امجد کا پاک پتن سے اور منظور کا تعلق بہاول نگر سے ہے۔
ترجمان کے مطابق دہشت گرد بھارت کی ایجنسی را کو واٹس ایپ کے ذریعے اہم مقامات کے نقشے سینڈ کرتے تھے اور عید کے موقع پر لاہور، بہاول نگر، بہاولپور اور پاکپتن میں دہشت گردی کی بڑی کاروائیاں کرنے کا منصوبہ مکمل کر چکے تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی فیصل آباد نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔