صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد، قربانی، ایثار اور اتحاد کا پیغام

0 minutes, 0 seconds Read

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور عید کو ایمان، قربانی اور بھائی چارے کے جذبے کو زندہ کرنے کا دن قرار دیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی اطاعت ہی میں ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی مضمر ہے۔

صدر مملکت نے معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کو سہارا دینے پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے اطراف کے ہر محتاج، بیمار، غریب اور مسکین فرد کا ہمیشہ خیال رکھیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ ہماری قربانیوں کو قبول فرمائے اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا کرے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی عیدالاضحیٰ پر پاکستانی قوم کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے عید پیغام میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ قوم اور امت مسلمہ کی عبادات اور قربانیوں کو قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا پیغام صرف جانور کی قربانی تک محدود نہیں بلکہ یہ دن انسان کو اپنے نفس اور خواہشات کو قربان کرنے کا درس بھی دیتا ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر قومی یکجہتی، ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عید کا یہ موقع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قربانی کا راستہ ہی کامیابی کا راستہ ہے۔

وزیراعظم نے حالیہ بھارتی جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

صدر اور وزیراعظم دونوں نے اس پُرمسرت موقع پر قوم کو اتحاد، اخوت اور ایثار کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Similar Posts