عید الاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی قربانی کے بعد شہر بھر میں آلائشوں کے ڈھیر لگ جانے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ میئر کراچی اور ٹاؤن چیئرمینوں کی ناکامی کا یہ منہ بولتا ثبوت ہے کہ شہر کے مختلف چوک، چوراہے اور گلی کوچوں میں تعفن اور گندگی کا راج ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق قربانی کے بعد اٹھنے والی آلائشیں نہ صرف شہر کی صفائی ستھرائی کے لیے مسئلہ ہیں بلکہ یہ تعفن بیماریوں کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ادارہ اور حکومت سندھ بھی اس معاملے میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
کراچی کی طرح دیگر شہروں میں بھی آلائشوں کے ڈھیر
سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے دعوے ہوا کا غبارہ نکلے، گلیوں میں آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے
مزید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ترجمان نے جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کے بلدیاتی نمائندوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ نمائندے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام نظر آتے ہیں۔
ایم کیو ایم نے حکومت سندھ اور بلدیاتی اداروں سے فوری طور پر صفائی کے اقدامات بڑھانے اور آلائشوں کو جلد از جلد مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کی صحت اور ماحول کو لاحق خطرات سے بچا جا سکے۔