امریکا کا فٹبال ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں سے مجرموں جیسا سلوک
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شریک جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو امریکا میں سخت سیکیورٹی چیک کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن ٹیم ورلڈ کپ میں شاندار آغاز کے بعد اپنے اگلے گروپ میچ کے لیے ٹورنٹو روانہ ہو رہی تھی کہ اس دوران امریکی سیکیورٹی اہلکاروں نے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو جہاز میں سوار ہونے سے پہلے مکمل تلاشی اور امیگریشن کے عمل سے گزارا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھلاڑی قطار میں کھڑے ہیں اور ایک ایک کرکے ان کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ ٹیم کے اہم کھلاڑی جوشوا کمچ اور جامل موسیالا بھی اس عمل سے گزرے۔
جرمنی کی فٹ بال ایسوسی ایشن کی طرف سے اس تلاشی پر کوئی شکایت یا اعتراض سامنے نہیں آیا ہے اور ٹیم کے کھلاڑی بھی اپنے اگلے میچ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اسی طرح امریکی حکام نے بھی اس سیکیورٹی چیک کی وجہ پر تفصیلی بیان جاری نہیں کیا۔
یاد رہے کہ اس بار کا فٹ بال ورلڈ کپ تین ممالک یعنی کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ کے 16 بڑے شہروں میں کھیلا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے انتظامات کو سنبھالنا سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
اس سے پہلے مارچ 2026 میں بیلجیم کی ٹیم کے ساتھ بھی اٹلانٹا کے ہوائی اڈے پر ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس پر بھی کافی بحث ہوئی تھی۔
اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس کئی صارفین نے اسے کھلاڑیوں کے ساتھ ”مجرموں جیسا سلوک“ قرار دیا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ تمام ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایسے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ لیکن جرمن ٹیم کی یہ ویڈیو عام لوگوں میں ایک نئی بحث چھیڑ گئی ہے کہ کیا عالمی کھلاڑیوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک مناسب ہے یا نہیں۔