شان مسعود کی چھٹی، بابراعظم قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مقرر

دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے بابر اعظم کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ ناقص پرفارمنس پر شان مسعود کی کپتانی سے چھٹی کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق اہم اعلانات کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بابراعظم کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ ناقص پرفارمنس کے باعث شان مسعود کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا ہے۔

اسی پریس کانفرنس میں دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان بھی کیا گیا۔

پاکستان کے 16 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللّٰہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری اور محمد رضوان شامل ہیں۔

اسکواڈ میں ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد بھی شامل ہیں۔

مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل فٹنس مسائل کی وجہ سے سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا ہے کہ میں اور اسد شفیق سیلکشن کمیٹی میں 18 ماہ سے ہیں، مصباح الحق اور سرفراز احمد کو شامل ہوئے 6 ماہ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ 3 فارمیٹ ہیں اور آپ کو دیکھنا ہوتا ہے کہ کس فارمیٹ میں آپ کی پرفارمنس کیا ہے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان ٹیم کے تمام فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

تاہم ڈھائی سال کے دوران شان مسعود کی بطور قیادت کارکردگی بدترین رہی اور ان کی قیادت میں 16 میں سے 12 ٹیسٹ میچز میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جس میں بنگلہ دیش سے ہوم اور اوے دونوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت بھی شامل ہے۔

Related posts