فیفا ورلڈکپ: سنسنی خیز مقابلے میں ارجنٹینا کی کیپ ورڈے کے خلاف شاندار فتح
فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں ارجنٹینا نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد کیپ ورڈے کو 2-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میامی میں کھیلے گئے اس میچ میں پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والی کیپ ورڈے کی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی اور دو مرتبہ خسارے سے واپس آکر مقابلہ برابر کیا، تاہم اضافی وقت میں ایک بدقسمت لمحے نے میچ کا فیصلہ ارجنٹینا کے حق میں کر دیا۔
میچ کے پہلے ہاف میں ارجنٹینا نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 29ویں منٹ میں لیونل میسی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ جاری ورلڈ کپ میں یہ میسی کا ساتواں گول تھا۔ اس برتری کے باوجود کیپ ورڈے نے ہمت نہیں ہاری اور دوسرے ہاف میں کھیل میں واپسی کی کوششیں جاری رکھیں۔
59ویں منٹ میں کیپ ورڈے کے کھلاڑی ڈوآرٹے نے گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد ارجنٹینا کو دوبارہ برتری حاصل کرنے کے دو بہترین مواقع ملے، لیکن کیپ ورڈی کے گول کیپر ووزینا نے شاندار دفاع کرتے ہوئے دونوں حملے ناکام بنا دیے۔ مقررہ 90 منٹ کے اختتام تک دونوں ٹیمیں ایک، ایک گول سے برابر رہیں، جس کے بعد میچ اضافی وقت میں داخل ہوگیا۔
اضافی وقت کے آغاز میں ہی 92 ویں منٹ میں لیسینڈرو مارٹینز نے گول کرکے ارجنٹینا کو ایک بار پھر برتری دلائی۔ تاہم کیپ ورڈے نے ایک مرتبہ پھر شاندار واپسی کرتے ہوئے سڈنی کیبریل کے خوبصورت گول کی بدولت مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔
اضافی وقت کے دوسرے حصے میں میچ کا فیصلہ اس وقت ہوا جب کیپ ورڈے کے کھلاڑی ڈنی بورگس سے بدقسمتی سے گیند اپنی ہی ٹیم کے جال میں چلی گئی، جس کے نتیجے میں ارجنٹینا کو 2-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔ اس کے بعد کیپ ورڈے نے اسکور برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکی اور میچ ارجنٹینا کے نام رہا۔
اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ 7 جولائی کو مصر سے ہوگا۔ اس میچ میں فٹبال کے دو معروف ستارے، ارجنٹینا کے لیونل میسی اور مصر کے محمد صلاح، ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے، جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔