نیا ٹرافی تنازع: بھارتی بورڈ نے فائنل سے قبل ایشین کرکٹ کونسل کو کیا پیغام بھجوایا تھا؟

ویمنز ایشیا کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ٹرافی لینے سے انکار کے معاملے کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ اگر اے سی سی کے سربراہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی تقریب میں موجود ہوئے تو بھارتی ٹیم ان سے ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران بھارتی مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے ایشیا کپ کی ٹرافی محسن نقوی سے وصول کرنے سے انکار کر کے ہٹ دھرمی ظاہر کی۔ 2025 میں سوریا کمار یادیو کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے سیاسی کشیدگی کے باعث محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا۔

2025 کے ایشیا کپ فائنل کے بعد بھی بھارتی ٹیم کو ٹرافی نہیں مل سکی۔ محسن نقوی تقریب کے مقام سے ٹرافی اپنے ساتھ لے گئے تھے، جس کے بعد یہ معاملہ تنازع کا باعث بنا رہا۔

یہ تنازع ایک بار پھر اس وقت سامنے آیا جب ہرمن پریت کور کی قیادت میں بھارتی خواتین کی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دینے کے بعد محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل کے حکام کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اگر محسن نقوی ٹرافی دینے کی تقریب میں شریک ہوئے تو بھارتی ٹیم ان سے ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔

اس بار ٹرافی کو تقریب کے اسٹیج پر بھی نہیں لایا گیا۔ تاہم بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائکیا کا کہنا تھا کہ بورڈ کو امید ہے کہ دونوں ٹرافیاں بعد میں باضابطہ طریقے سے حاصل کرلی جائیں گی۔

دیوجیت سائکیا کے مطابق بھارتی خواتین کی ٹیم اے سی سی کے ڈپٹی چیئرمین خالد الزرونی سے ٹرافی وصول کرنے کے لیے تیار تھی، تاہم محسن نقوی نے یہ تجویز قبول نہیں کی۔ اس کے بعد بی سی سی آئی نے ٹرافی کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سائکیا کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ ڈیڑھ سال پہلے مینز ایشیا کپ کے موقع پر اختیار کیے گئے اپنے مؤقف کے مطابق تقریب کا حصہ نہیں بننا چاہتے تھے۔ ہمیں ابھی تک مینز ایشیا کپ کی ٹرافی نہیں ملی۔

انہوں نے مزید کہ کہ ہم نے درخواست کی تھی کہ اے سی سی کے ڈپٹی چیئرمین ٹرافی پیش کریں، لیکن اسے قبول نہیں کیا گیا۔ اس لیے ہمارے پاس تقریب میں شرکت نہ کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں تھا۔

بی سی سی آئی سیکریٹری نے اپنے بیان میں بھارت اور اس سے جڑے سیاسی معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ اپنے مؤقف پر قائم رہنا چاہتا ہے۔

Related posts