کراچی میں گرمی کا نو سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، پارہ 40 ڈگری سے اوپر

کراچی میں ستمبر کی گرمی نے 9 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، شہر کا درجہ حرارت 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس سے قبل ستمبر 2017 میں کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم حالیہ درجہ حرارت نے یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مغرب سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث دن کے اوقات میں شہریوں کو شدید حبس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ اور ہواؤں کی رفتار کم ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی پئیں اور گرمی و حبس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ماہرین نے خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور ایسے افراد کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے جو زیادہ دیر تک دھوپ یا گرم ماحول میں رہتے ہیں، تاکہ پانی کی کمی اور گرمی سے متعلق طبی مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔

Related posts