یقین کرنا مشکل ہے، مگر سچ ہے! جنوبی کیرولائنا کے شہر مرٹل بیچ کے ’سپلنٹر سٹی ڈِسک گالف کورس‘ میں ایک شارک اچانک آسمان سے آ گری۔ یہ واقعہ پچھلے دنوں اُس وقت پیش آیا جب ایک شخص گالف کھیل رہا تھا۔ علاقے میں پہلے بھی سانپ، ریکون، مگرمچھ وغیرہ دیکھے جا چکے ہیں، مگر کسی نے کبھی جنگل میں گالف کھیلتے ہوئے آسمان سے گرتی ہوئی شارک نہیں دیکھی تھی۔
اچانک اُس شخص نے ایک پرندے کو دیکھا جو کچھ لیے اُڑ رہا تھا، پھر دو کوّوں نے اُسے تنگ کیا اور اُس کے ہاتھ سے ایک مچھلی چھوٹ کر نیچے آ گری۔ لیکن یہ کوئی عام مچھلی نہیں تھی، بلکہ ایک ہیمر ہیڈڈ شارک تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پرندہ ’اوسپری‘ تھا، جو مچھلیوں کا شکاری پرندہ ہے اور اکثر سمندر سے مچھلیاں پکڑ کر لے جاتا ہے۔ یہ اوسپری غالباً یہ شارک سمندر سے پکڑ کر تقریباً آدھا میل دور اُڑتا رہا تھا کہ کوّوں کے حملے کی وجہ سے یہ ’لنچ‘ ہاتھ سے نکل گیا۔
یہ شارک کس قسم کی تھی؟ اب تک واضح نہیں، مگر سائنس دانوں کے مطابق جنوبی کیرولائنا کے ساحلی علاقوں میں چار اقسام کی ہیمر ہیڈڈ شارک پائی جاتی ہیں، جن میں ایک نایاب ’کیرولائنا ہیمر ہیڈڈ شارک‘ بھی شامل ہے، جو 2013 میں دریافت ہوئی تھی۔