امریکا میں تارکین وطن کا پُرتشدد احتجاج، پرچم نذرآتش، صدر ٹرمپ کا سخت ردعمل

0 minutes, 0 seconds Read

امریکا میں تارکین وطن کی جانب سے پُرتشدد احتجاج کے دوران امریکی پرچم نذرآتش کیے جانے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شدید ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پرچم جلانے والوں کو ایک سال کے لیے جیل بھیجا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا میں انارکی اور پُرتشدد مظاہروں کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو وفاقی اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ بہت سے غیر قانونی تارکین وطن دراصل کئی ممالک کی جیلوں سے رہا ہوکر امریکا پہنچے ہیں، جو اب ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

لاس اینجلس ہنگامے: ’لگتا ہے کیلی فورنیا کے گورنر کو گرفتار کرنا پڑے گا‘، ڈونلڈ ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے اپنی معاشی پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری امریکا میں لائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے امریکی معیشت کو مضبوط کیا ہے اور ملک کے بڑے شہروں کو دوبارہ محفوظ بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

امریکا میں تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں پر ہنگامے، ٹرمپ کا مزید شدت کا اعلان

لاس اینجلس میں حالیہ پُرتشدد واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ شہر کو ایک بار پھر پُرامن اور محفوظ بنائیں گے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے جو امن عامہ کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

Similar Posts