بھارتی طیارہ احمد آباد میں گرکر تباہ، 241 افراد ہلاک، ایک مسافر معجزانہ طورپر بچ گیا

0 minutes, 0 seconds Read

بھارت میں احمد آباد ائرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے کے 12 ارکان سمیت 241 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک مسافر معجزانہ طورپر بچ گیا، طیارہ ٹیک آف کے اگلے ہی منٹ رہائشی علاقے پرگر گیا، جہاز میں 53 برطانوی، 7 پرتگالی، ایک کینیڈین شہری بھی سوارتھا ۔ گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی بھی پرواز کے مسافرتھے۔ حکام کے مطابق پائلٹ نے ٹیک آف کے پانچ سیکنڈ بعد ہی مے ڈے کال دی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کی لندن جانے والی پرواز “AI171’’ جمعرات کے روز احمد آباد ائیرپورٹ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔ طیارہ دوپہر 1 بج کر 38 منٹ پر رن وے 23 سے روانہ ہوا تاہم محض چند سیکنڈز بعد ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹیک آف کے وقت جہاز کی رفتار 322 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی اور وہ زیادہ سے زیادہ 625 فٹ بلندی تک پہنچ سکا۔

رپورٹ کے مطابق اسی دوران طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کا دھواں دور سے دیکھا گیا۔ پائلٹ نے فوری طور پر ”مے ڈے“ کال دی، لیکن اگلے ہی لمحے طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

طیارہ احمد آباد کے رہائشی علاقے میگھانی نگر پر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے ملبے کے کئی حصے ایک قریبی گرلز ہاسٹل پر بھی گرے۔ حادثے کے بعد علاقے میں شدید شعلے بلند ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں عملے کے 12 ارکان سمیت 242 افراد سوار تھے۔ مسافروں میں 53 برطانوی، 7 پرتگالی، اور ایک کینیڈین شہری بھی شامل تھے۔

اطلاعات ہیں کہ گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی بھی اسی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہو رہے تھے۔

حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787 ”ڈریملائنر“ ماڈل کا تھا، جو تقریباً 14 برس قبل لانچ کیا گیا تھا۔ محض چھ ہفتے قبل ہی بوئنگ کمپنی نے اسی ماڈل کی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ایک ارب مسافروں کو منزل تک پہنچانے کا سنگِ میل عبور کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ایوی ایشن حکام کے مطابق طیارے کے کپتان کو 8,200 گھنٹے فلائنگ کا تجربہ حاصل تھا جبکہ معاون پائلٹ کے پاس 1,100 گھنٹے کا تجربہ تھا۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ جائے حادثہ کو سیل کر دیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب پروازوں پر نظر رکھنے والی عالمی ویب سائٹ ”Flightradar24“ نے تصدیق کی ہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز ”AI171“ جو احمد آباد سے لندن روانہ ہوئی تھی، ٹیک آف کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گئی ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق طیارے سے آخری سگنل 08:08:51 یو ٹی سی پر موصول ہوا، جو کہ روانگی کے چند لمحوں بعد کا وقت ہے۔

Similar Posts