وزیرآباد میں سلنڈر دھماکہ اور ٹینکی پھٹنے کے واقعات میں مزید تین زخمی چل بسے

0 minutes, 0 seconds Read

وزیرآباد میں سلنڈر دھماکہ اور ٹینکی پھٹنے کے واقعات میں مزید تین زخمی چل بسے۔ چھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے میں نو افراد زخمی ہوئے تھے۔

وزیرآباد میں سلنڈر دھماکہ اور ٹینکی پھٹنے کے دو مختلف واقعات میں زخمی ہونے والوں میں سے 3 شدید زخمی جان کی بازی ہار گئے، 12 زخمیوں میں سے 6 افراد کی حالت خطرے میں ہے۔

5 جون کو شہر رسول نگر میں مدینہ چوک میں واقع ایک دکان میں ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں گیس منتقل کرنے کے دوران سلنڈر کے پھٹنے سے 9 افراد زخمی ہو گئے تھے جس میں سے ایک شدید زخمی شخص ملک غلام عباس جاں بحق ہو گیا جبکہ 3 افراد کی حالت ابھی بھی تشویشناک ہے۔

دوسرے واقعہ میں علی پور چٹھہ کے نواحی گاوں نوئیں والا میں ایک دکان میں بنے ہوئے غیر قانونی منی پمپ میں پٹرول سے بھری گاڑی سے ٹینکی میں پٹرول منتقل کرتے ہوئے ٹینکی کے پھٹ جانے سے 6 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔

زخمِوں میں سے نوئیں والا کا رہائشی اویس اور ورپال چٹھہ کا شہری سکندر حیات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ تحصیل علی پور چٹھہ شہر اور اس کے بڑے چھوٹے قصبات اور دیہات میں جگہ جگہ غیر قانونی گیس فلنگ اور منی پٹرول پمپ کی ایجنسیاں موجود ہیں اور آئے روز اس طرح کے حادثات میں درجنوں افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

Similar Posts