کراچی میں پولیس کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر ورثا کا احتجاج

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نوجوان کو پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک نوجوان کی ہلاکت کے معاملے پر ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف ورثا اور علاقہ مکینوں کا احتجاج جاری ہے۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں 9 جون کو پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا تھا۔ واقعے کو کئی روز گزرنے کے باوجود ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے پر ورثا اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج شروع کر دیا ہے۔

مظاہرین نے فٹبال چوک پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دی، اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے معمولی بات پر فائرنگ کی، جب موٹرسائیکل ٹکرانے پر جھگڑا ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

ورثا کے مطابق، مقدمے میں پولیس اہلکار اشتیاق، ذیشان اور دیگر کو نامزد کیا گیا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو فراہم کر دی گئی ہے، جس میں تمام تفصیلات واضح ہیں، لیکن اس کے باوجود کارروائی نہیں کی جا رہی۔

احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، ورنہ احتجاج کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔

Similar Posts