ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ خطرناک مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، جہاں آج صبح سویرے ایران نے اسرائیل پر ایک سو سے زائد بلیسٹک میزائل داغ دیے۔ بین الاقوامی خبرایجنسی کے مطابق، ان میزائل حملوں کے بعد تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس اور اسرائیلی شہر حیفہ زوردار دھماکوں سے گونج اٹھے، جبکہ پورے اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔ حملوں کے نتیجے میں حیفہ کے پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی اور کئی میزائلوں نے کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا۔
ایران کی جانب سے اسرائیل کے بن گوریون ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔ ایرانی میزائلوں اور ڈرونز نے تل ابیب سمیت مختلف اسرائیلی شہروں میں تباہی مچادی ہے۔ اسرائیلی وزارت دفاع نے آئرن ڈوم اور دیگر دفاعی نظاموں کی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایرانی حملوں میں اب تک 14 اسرائیلی ہلاک اور 380 زخمی ہوچکے ہیں۔
ایران، اسرائیل میں چند گھنٹوں میں جنگ بندی ہوسکتی ہے، میکرون کا دعویٰ
ایرانی حملوں میں اسرائیل کی درجنوں عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں، حیفہ کی آئل ریفائنری سمیت کئی علاقوں میں آگ لگی ہوئی ہے جبکہ ساحلی شہر بیت یام کھنڈر بن چکا ہے۔ اسرائیلی صدر اور وزیراعظم نے تباہ شدہ عمارتوں کا معائنہ کیا ہے۔ ایران نے اسرائیلی سائنس یونیورسٹی اور سائنسی تحقیقی مرکز کو بھی کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق، اسرائیلی لڑاکا طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے والی تنصیبات کو بھی ہدف بنایا گیا۔
دوسری جانب اسرائیل نے بھی ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ تہران میں اسرائیلی حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل محمد کاظمی شہید ہو گئے ہیں، جب کہ ڈپٹی جنرل حسن محقق اور سینیئر افسر جنرل محسن باقری بھی حملے میں جام شہادت نوش کر گئے۔ تینوں افسران تاجرش اسکوائر کے قریب ہونے والے ایک حملے کا نشانہ بنے۔
اسرائیل نے مشہد ایئرپورٹ پر ایران کے ری فیولنگ طیارے کو تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ تہران میں پانی کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، اور ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ شہر کی مرکزی لائن بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ایرانی کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں ایران نے اسرائیل کے 44 ڈرونز اور کواڈ کاپٹرز کے حملے ناکام بنا دیے ہیں۔ اس کے علاوہ تہران کے قریب اسلام شہر سے موساد کی ڈرون فیکٹری بھی پکڑنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
ایران نے مجھے قتل کرنے کی کوشش کی، نیتن یاہو
ایران نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیل نے جان بوجھ کر ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر حملے کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ویڈیو انسٹیٹیوٹ فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کی لائبریری کی ہے جسے براہ راست نشانہ بنایا گیا۔ ویڈیو میں عمارت کی تباہ شدہ کھڑکیاں اور فرش پر بکھرا ملبہ واضح دیکھا جا سکتا ہے۔
ایرانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 224 افراد شہید ہوچکے ہیں، جن میں نوے فیصد عام شہری شامل ہیں، جبکہ 1277 افراد زخمی ہیں۔