وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور مغربی ممالک کی جانب سے اس کی حمایت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی طاقتیں اسرائیل کی غنڈہ گردی کی سرپرستی کر رہی ہیں، جس کے نتائج نہایت خطرناک اور دور رس ہو سکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ اسرائیل کا بڑھتا ہوا جارحانہ رویہ نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کو اسرائیل کے تنازعات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
خواجہ آصف نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو کسی بین الاقوامی نیوکلیئر ضابطے کا پابند ہے اور نہ ہی اس نے این پی ٹی (جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے) پر دستخط کیے ہیں، اس کے برعکس پاکستان نے تمام بین الاقوامی نیوکلیئر ضوابط پر دستخط کر رکھے ہیں اور اپنی جوہری صلاحیت کو صرف ملکی دفاع اور عوامی مفاد کے لیے استعمال کرتا ہے۔