سیکیورٹی فورسز نے پشاور کے حساس علاقے رنگ روڈ پر کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ایک مقامی کمانڈر بھی شامل تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مقابلے میں فورسز کا ایک اہلکار بھی جام شہادت نوش کر گیا۔
ہلاک دہشت گردوں میں خیبر کے علاقے باڑہ سے تعلق رکھنے والا ٹی ٹی پی کا کمانڈر خُمیم عرف رؤف بھی شامل تھا، جس کی شناخت بعد ازاں تصدیق شدہ ذرائع سے ہوئی۔ یہی دہشت گرد اس وقت توجہ کا مرکز بن گیا تھا جب اس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ پنجاب کے شہر گجرات میں ایک ایس یو وی گاڑی میں ہتھیاروں سمیت نظر آیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اداروں کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد رنگ روڈ پر واقع ایک مکان میں چھپے ہوئے ہیں، جس پر کارروائی کی گئی۔ دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔
آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، دستی بم، جدید ہتھیار اور اہم دستاویزات بھی برآمد کی گئی ہیں۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گرد پشاور اور گردونواح میں تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے بڑا سانحہ ٹال دیا گیا۔
شہید ہونے والے اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔