حج 2026 کے لیے رجسٹریشن کا عمل ، عازمین تیاری کر لیں

0 minutes, 0 seconds Read

آئندہ حج 2026 کے لیے پیشگی انتظامات کا آغاز ہونے جا رہا ہے، وزارت مذہبی امور نے رجسٹریشن کا عمل آئندہ چار سے پانچ روز میں شروع کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس بار قبل از وقت رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق بروقت انتظامات کیے جا سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے لیے خواہش مند عازمین کو لازمی طور پر رجسٹریشن کرانا ہو گی، جس کے ساتھ ٹوکن منی بھی جمع کرانی ہو گی۔ یہ رقم مجموعی حج اخراجات میں شامل کر کے ایڈجسٹ کی جائے گی۔

رجسٹریشن کروانے والے تمام افراد حج 2026 کے اہل سمجھے جائیں گے۔ یہ عمل ملک بھر میں منظور شدہ بینکوں کے ذریعے مکمل کیا جا سکے گا۔ رجسٹریشن کے بعد عازمین کو اختیار ہو گا کہ وہ سرکاری اسکیم یا نجی اسکیم کا انتخاب کریں۔

مزید برآں ان افراد کو بھی دوبارہ رجسٹریشن کرانی ہو گی جو رواں برس پرائیویٹ حج اسکیم سے سفر نہ کر سکے تھے۔

ذرائع کے مطابق یہ رجسٹریشن سعودی وزارت حج و عمرہ کی ہدایت پر کی جا رہی ہے تاکہ سعودی حکومت کو درست اعداد و شمار فراہم کیے جا سکیں اور اسی بنیاد پر حج کوٹہ مختص کیا جا سکے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے دو سے تین روز میں باقاعدہ اشتہار جاری ہونے کا امکان ہے جس کے بعد ملک بھر میں حج رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔

Similar Posts